نئی دہلی، 18/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) پونے ضلع کی عدالت نے ٹرینی آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر کی ماں منورما کھڈیکر کو 20 جولائی تک پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ پولیس نے منورما کو اراضی تنازعہ سے متعلق بندوق دکھا کر کچھ لوگوں کو دھمکانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ منورما کو رائے گڑھ ضلع کے مہاڈ واقع ایک لاج سے آج صبح پکڑا گیا جہاں وہ چھپی ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منورما کو رائے گڑھ سے پونے کے پوڈ پولیس تھانہ لایا گیا اور رسمی طور سے گرفتار کیا گیا۔ ایک افسر نے بتایا کہ منورما کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا ہجاں سے انھیں 20 جولائی تک پولیس کی حراست میں بھیج دیا گیا۔
دراصل ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں منورما پونے کے ملشی تحصیل کے دھڈوالی گاؤں میں اراضی تنازعہ کو لے کر کچھ لوگوں کو مبینہ طور پر بندوق دکھا کر دھمکاتی نظر آئی تھیں۔ اس کے بعد سے پولیس منورما اور ان کے شوہر دلیپ کھیڈکر کی تلاش میں مصروف ہو گئی تھی۔ پونے (دیہی) میں پوڈ پولیس نے کھیڈکر شوہر بیوی اور پانچ دیگر کے خلاف بی این ایس (بھارتیہ نیائے سنہیتا) کی دفعہ 323 (بے ایمانی یا دھوکہ دہی سے ملکیت ہٹانا یا چھپانا) سمیت دیگر دفعات اور اسلحہ ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔
پونے (دیہی) کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پنکج دیشمکھ نے اس سے پہلے بتایا تھا کہ ’’منورما کھیڈکر کو رائے گڑھ ضلع کے مہاڈ سے حراست میں لیا گیا اور انھیں پونے لایا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا۔‘‘ ملزم منورما، ان کے شوہر دلیپ اور پانچ دیگر لوگوں کا پتہ لگانے کے لیے کئی ٹیم تشکیل دی گئی تھیں۔
دوسری طرف پوجا کھیڈکر آئی اے ایس امتحان کے وقت دیے گئے معذوری اور او بی سی سرٹیفکیٹ کو لے کر سوالوں کے گھیرے میں ہیں۔ پونے کلکٹر دفتر میں تعیناتی کے دوران ان کے رویہ کو لے کر بھی ان کے خلاف جانچ کی جا رہی ہے۔ تنازعات کے درمیان حکومت نے منگل کو کھیڈکر کے ضلع تربیتی پروگرام کو ملتوی کر دیا اور انھیں 23 جولائی تک لال بہادر شاستری قومی ایڈمنسٹریشن اکادمی میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔
ایک سینئر افسر نے بدھ کے روز بتایا کہ پونے کی بدعنوان مکالف یونٹ کو شکایت ملی ہے جس میں سابق سرکاری ملازمین اور پوجا کے والد دلیپ کھیڈکر کے خلاف مبینہ آمدنی سے زیادہ ملکیت کے معاملے میں کھلی جانچ کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اے سی بی کی ناسک یونٹ پہلے ہی ان کے خلاف مبینہ آمدنی سے زیادہ ملکیت معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اس لیے پونے کی بدعنوان مخالف یونٹ نے ہیڈکوارٹر سے نئی شکایت کو بھی قبل کی شکایت سے جوڑنے یا نئے سرے سے جانچ کو لے کر انتظام طلب کیا ہے۔